مردان اور صوابی میں فائرنگ کے واقعات، خاتون سمیت 2 افراد قتل
رستم میں شوہر نے اپنی اہلیہ جبکہ صوابی میں زبانی تکرار پر پراپرٹی ڈیلر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، ملزمان واردات کے بعد فرار۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور صوابی میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت 2 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔
ضلع مردان کے تھانہ رستم پولیس کے مطابق عبد الرحمن نامی شخص نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ گھر میں موجود تھا کہ اس دوران والد فیض الرحمن بامسلح گھر میں گھس آیا اور اپنی اہلیہ مسماۃ سیرت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
دریں اثناء تھانہ صوابی پولیس کے مطابق راحیل آفتاب نامی نوجوان نے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والد عبد الوحید جو کہ پراپرٹی ڈیلر تھا کے ہمراہ باہر موجود تھا کہ اس دوران زبانی تکرار پر ظفر نامی شخص نے اُن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اُس کا والد لگ کر جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ خود بال بال بچ گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں وارداتوں میں ملوث ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔