گرلز سکولوں اور طالبات کے ایونٹس میں مرد حضرات کی بطور مہمان خصوصی شرکت پر پابندی عائد
وزیراعلیٰ کے ہدایات کی روشنی میں مشیر تعلیم نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے صوبہ کے تمام گرلز سکولوں بشمول خواتین اسپورٹس مقابلوں کی تقریبات میں مرد حضرات کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی لگا دی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز پشاور کے مقامی گرلز سکول میں والی بال مقابلوں کے اختتام پرایک مرد مہمان خصوصی سے خواتین کھلاڑیوں کا تعارف کرایاجارہا تھا جبکہ اس موقع پر فوٹو سیشن بھی جاری تھی جن میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں خواتین کھلاڑی کیمرے کی جانب جبکہ مہمان خصوصی کھلاڑیوں کو غور سے دیکھ رہے تھے، سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مہمان خصوصی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ حکومت سے مطالبہ بھی کیا گیا کہ حکومت گرلز سکولز میں مرد مہمان خصوصی کی شرکت پر پابندی عائد کردیں۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے تصویر کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر تعلیم کو تعلیمی اداروں میں سپورٹرس مقابلوں اور دیگر تقریبات میں مرد حضرات کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ کے ہدایات کی روشنی میں مشیر تعلیم نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کر دیں کہ گرلز سکولوں میں جتنی بھی تقریبات ہونگی اُن میں خواتین ایم پی ایز یا خواتین اعلیٰ افسران بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اورگرلز سکولوں میں مرد حضرات کا داخلہ بند ہو گا۔
انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرلز سکولوں کی تقریبات یا کسی پروگرام میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی مدعو نہ کیا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاہے کہ گرلز سکولوں کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر بھی مشتہر نہ کیا جائے اورخواتین سکولوں میں ہر قسم کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔