ڈی آئی خان میں پاک فوج کے زیر اہتمام دو روزہ ‘وال پینٹنگ’ مقابلے اختتام پذیر
تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر راؤ عمران سرتاج کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تفریح کے مواقعے بھی فراہم کررہی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ‘حق نواز پارک’ میں وال پینٹنگ کے دوروزہ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے جس میں مختلف یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولز کے طلباء و طالبات سمیت پروفیشنل مصوروں نے حصہ لیا۔
پینٹنگ کے مقابلوں کی یہ تقریب پاک آرمی کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس میں پینٹنگ کے ذریعے مصوروں نے پاکستان کے کلچر اور ڈیرہ اسماعیل کی ثقافت کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی حوصلہ افزائی کی۔
پینٹنگ کے اِن مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ انعم کا کہنا تھا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے نہ صرگ ان کی صلاحیتیں اُجاگر ہوں گی بلکہ ہم اپنے ثقافت کو بھی پذیرائی دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ‘مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں نے فرسٹ پوزیشن حاصل کی ہے، مجھے اُمید ہے کہ اس طرح کے ایونٹ مستقبل میں بھی ہوں گے جن سے نہ صرف ہماری حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ڈیرہ اسماعیل خان جیسے پسماندہ علاقے میں عورتوں کو آگے آنے کا موقع بھی ملے گا’۔
تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر راؤ عمران سرتاج کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تفریح کے مواقعے بھی فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی فنکاروں اور پینٹرز کو ہُنر آزمانے کے مواقعے فراہم کریں گے، سرسبز اور صاف پاکستان مہم کے تحت مقامی آرٹ کو فروغ دینے کےلئے کام کررہے ہیں، ایسے ایونٹس ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام کےلئے منعقد کئے جائیں گے جبکہ خواتین آرٹسٹس کو بھی بھرپور موقع دیا جائے گا۔