‘پختونخوا حکومت قبائلی اضلاع کےلئے اگلے مالی سال میں بجٹ پیش کریں گی’
فاٹا کیلئے رواں مالی سال میں ترقیاتی بجٹ پلاننگ کمیشن نے منظورکیا ہے اگلے مالی سال میں قبائلی علاقے مکمل طو رپر کے پی کاحصہ ہوں گے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگلے مالی سال میں صوبائی حکومت قبائلی علاقوں کیلئے بجٹ پیش کرے گی تاہم قبائلی اضلاع کیلئے مختص رقم صوبے کے دیگرحصوں میں خرچ نہیں کی جائے گی۔
گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کے دوران صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ایوان کو خوشخبری دی کہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پن بجلی کے 65 ارب روپے کے بقایاجات صوبے کو رواں مالی سال میں اداکئے جائینگے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے مختلف نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ فاٹا کیلئے رواں مالی سال میں ترقیاتی بجٹ پلاننگ کمیشن نے منظورکیا ہے اگلے مالی سال میں قبائلی علاقے مکمل طو رپر کے پی کاحصہ ہوں گے اور اس وقت قبائلی اضلاع کے لئے اراکین اسمبلی کاانتخاب بھی ہوچکاہوگا اس لئے قبائلی اضلاع کا بجٹ خیبرپختونخوا حکومت پیش کرے گی۔
انہوں نے وضاحت دی کہ قبائلی اضلاع کے لئے جو بجٹ پیش کیاجائے گا وہ رقم خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں خرچ نہیں کی جائے گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پلاننگ کمیشن نے پہلے ہی قبائلی اضلاع کیلئے 10 سالہ منصوبہ بندی کررکھی ہے اس لئے قبائلی اضلاع کے لئے مخصوص بجٹ ان ہی کے علاقوں کی ترقی پرخرچ کیاجائے گا جس میں وہاں سے منتخب اراکین اسمبلی کی رائے شامل کی جائے گی۔
تیمورسلیم جھگڑا نے کہاکہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزیرخزانہ اسدعمر اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی ہے جس میں وفاقی حکومت نے یقین دلایاہے کہ رواں مالی سال کے دوران خیبرپختونخوا کو پن بجلی کے 65 ارب روپے کے تمام بقایاجات کی ادائیگی کی جائے گی جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ پن بجلی کے منافع کے علاوہ بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق اعداد و شمار صوبائی بجٹ کا بھی حصہ ہیں۔