پشاور میں ”سیف سٹی پراجیکٹ“ کا عنقریب افتتاح کر دیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس
منصوبے کے تحت شہری علاقوں میں ایسے ایک ہزار مختلف پوائنٹس پر ہائی ریزالوشن والے اعلیٰ کوالٹی کے 5 سے 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جن کی نظر سے کوئی جرم اور مجرم اوجھل نہیں ہوگا۔

پشاور شہر کو جدید آلات و ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانے کے لیے ”سیف سٹی پراجیکٹ“ کا عنقریب افتتاح کر دیا جائے گا۔
محکمہ پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی کا اس اہم منصوبے کے سلسلے میں ایکٹ کی تیاری کام آخری مراحل میں ہے جو بہت جلد منظوری کے لیے صوبائی حکومت کو بھجوادیا جائیگا۔
منصوبے کے تحت پشاور کے شہری علاقوں میں ایسے ایک ہزار مختلف پوائنٹس پر ہائی ریزالوشن والے اعلیٰ کوالٹی کے 5 سے 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جن کی نظر سے کوئی جرم اور مجرم اوجھل نہیں ہوگا۔
ڈیجیٹلائزیڈ پولیسنگ اور مختلف محکموں کے ساتھ براہ راست نیٹ ورکنگ کے ذریعے ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ریکارڈ تک منٹوں میں رسائی یقینی بنائی جائیگی۔
منصوبے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول براہ راست پولیس کے زیر نگرانی ہوگا جبکہ گریڈ 19 کے پولیس آفیسر وقار الدین سید آج کل پراجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس سیف سٹی پراجیکٹ پر کام پچھلی حکومت کے دور میں شروع ہو چکا تھا۔
پہلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبائی دارالحکومت پشاور کی سطح پر متعارف کرایا جائیگا اور بعد میں اسکا دائرہ صوبے کے دوسرے اضلاع تک بڑھایا جائیگا۔
بیان کے مطابق پراجیکٹ کا بنیادی مقصد دہشت گردی اور دیگر جرائم بالخصوص سٹریٹ کرائم ، کارچوری اور موٹر سائیکل کی چوری کا سدباب کرتے ہوئےعوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔