مردان کی مثالی پولیس 37 دن گزرنے کے باوجود شریف آباد کی چھ سالہ فرشتہ کا سراغ لگانے میں ناکام
احتجاج کے بعد پریس کانفرنس کے موقع پر بچی کے والد حضرت بلال کا کہنا تھا کہ 17 ستمبر کو مدرسے سے واپس آئی اور کھیل کود کی غرض سے باہر نکلی ان کی بیٹی تاحال گھر نہیں لوٹی۔

مردان کے شریف آباد نامی علاقے سے لاپتہ ہونے والی فرشتہ نامی چھ سالہ بچی 37 دن گزرنے کے باوجود تاحال بازیاب نہیں کرائی جاسکی جس پر آج بچی کے عزیزواقارب نے مردان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور انصاف کے نعرے لگائے۔
احتجاج کے بعد پریس کانفرنس کے موقع پر بچی کے والد حضرت بلال کا کہنا تھا کہ 17 ستمبر کو مدرسے سے واپس آئی اور کھیل کود کی غرض سے باہر نکلی ان کی بیٹی تاحال گھر نہیں لوٹی۔
ان کا کہا تھا کہ آس پاس کے علاقوں میں بے تحاشہ تلاش کے بعد انہوں نے سٹی تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی تاہم گزشتہ روز انہیں معلوم ہوا کے پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی تھی۔
حضرت بلال کے مطابق تھانے میں شکایت پر بچی کی گمشدگی کا مطالبہ تو درج کر لیا گیا تاہم پولیس نے اس حوالے سے تاحال کسی قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
بچی کے والد کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی یا مخاصمت نہیں ہے۔
اس موقع پر شریف آباد سے منتخب مردان تحصیل کوسل کے ممبر تاج ولی خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اب تک علاقے کے ایک ایک فرد سے تفتیش کی ہے تاہم ابھی تک بچی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ جمعہ تک اگر بچی بازیاب نہ کرائی گئی یا اس کا اتہ پتہ معلوم نہ کیا جا سکا تو علاقے کے سارے لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور بچی کا سراغ لگنے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔