خیبر پختونخوا

ڈیرہ کینٹ پولیس پر بےحرمتی کا الزام، خاتون کی تھانے کے سامنے خودسوزی کی ناکام کوشش

خاتون کے کامران نامی بیٹے نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس نے گھر میں گھس کر ان کی والدہ  کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور کینٹ تھانے کے ایس ایچ او اور حولدار ان کے گھر سے 13 لاکھ نقدی اور تین تولہ سونا بھی لے گئے۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایک معمر خاتون نے پولیس تھانے کے سامنے خودسوزی کی ناکام کوشش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق خودسوزی کا واقعہ تویہ نامی علاقے میں پیش آیا ہے جہاں معمر خاتون نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ اس نے گھر کے اندر گھس کر ان کی بے حرمتی کی۔

اس موقع پر خاتون کے کامران نامی بیٹے نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس نے گھر میں گھس کر ان کی والدہ  کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور کینٹ تھانے کے ایس ایچ او اور حولدار ان کے گھر سے 13 لاکھ نقدی اور تین تولہ سونا بھی لے گئے۔

کامران نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگر ان کیخلاف ایک ایف آئی آر کا اندراج بھی ثابت ہوا تو پولیس کے سامنے انہیں گولیوں سے بھون دیا جائے۔

خود سوزی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد بھی خاتون زخمی اور برہنہ حالت میں سڑک پر پڑی رہیں اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کرتی رہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ انصاف ملنے تک یونہی سڑک پر لوٹتی پوٹتی رہیں گی۔

دوسری جانب مذکورہ تھانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیملی علاقے میں منشیات فروشی میں ملوث ہے۔

بیان کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے دی گئی اطلاع پر خاتون کے گھر چھاپہ مارا گیا جہاں سے ایک کلو چرس اور ایک پستول برآمد کی گئی جس پر مذکورہ خاتون نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے اور واقعے کو بےحرمتی کا رنگ دینے کیلئے خود ہی اپنے کپڑے چاک کر دیے۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کامران اور اس کی والدہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دروغ گوئی اور ڈرامے بازیوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button