بدفعلی کا شکار بچے کے والد کا ملزم کو تختہ دار پر لٹکانے کا مطالبہ
تخت بھائی پریس کلب میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران یار زادہ کا کہنا تھا کہ وہ شیرگڑھ بازار میں یومیہ محنت مزدوری کرتے ہیں ان کی اتنی بساط نہیں کہ ملزم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔

مردان کی تحصیل تخت بھائی میں چھ سالہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق شیر گڑھ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ بچے کے والد یار زادہ نے تھانہ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہمسائے ملزم سید رحمٰن نے ان کے کمسن بیٹے کے ساتھ بدفعلی کی ہے بعدازاں بچے کے طبعی معائنے سے الزام کی تصدیق ہوئی۔
تخت بھائی پریس کلب میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران یار زادہ کا کہنا تھا کہ وہ شیرگڑھ بازار میں یومیہ محنت مزدوری کرتے ہیں ان کی اتنی بساط نہیں کہ ملزم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔
انہوں نے چیف جسٹس، وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے اور ان کے معصوم بچے کو انصاف دلایا جائے۔
سپریم کورٹ سے ملزم کو تختہ دار پر لٹکانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یار زادہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ اس سلسلے میں ان کی مدد کی جائے۔
دوسری جانب ملزم کو مردان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے مردان جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔