پشاور: پی کے 71 میں ضمنی انتخابات کل ہوں گے، انتظامات مکمل
حلقہ پی کے 71 پشاور سے تحریک انصاف کے شاہ فرمان کامیاب ہوئے تھےتاہم بعد ازاں اُن کے گورنر خیبرپختونخوا بننے کے بعد صوبائی اسمبلی کی یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پشاور پر ضمنی انتخابات کل اتوار کے روز منعقد ہوں گے جس کےلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حلقہ پی کے 71 پشاور سے تحریک انصاف کے شاہ فرمان کامیاب ہوئے تھےتاہم بعد ازاں اُن کے گورنر خیبرپختونخوا بننے کے بعد صوبائی اسمبلی کی یہ نشست خالی ہوگئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو ضمنی انتخابات منعقد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
کل اتوار کے روز ہونے والے انتخابی دنگل میں گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار تحریک انصاف کے ٹکٹ پر اُمیدوار ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین متحدہ اپوزیشن کے اُمیدوار ہے۔ ان کے علاوہ 3 آزاد اُمیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب حلقہ کے 86 پولنگ اسٹیشنز میں 51 کو حساس اور 35 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز میں 8 سے 10 اہلکار تعینات رہیں گے۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 51 ہیں جو کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کےلئے 86 پولنگ اسٹیشنز اور 307 پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں جبکہ سکیورٹی پر 1900 اہلکار تعینات کئے جائیں گے اس کے علاوہ قبائلی اضلاع سے متصل علاقوں کے راستوں پر 30 اضافی ناکہ بندیاں قائم کی جائیں گی۔