پی کے 53 کے نتائج مسترد، اے این پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دیدی
واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر رؤف خان نے پہلے 131 کی بجائے 130 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کا اعلان کیا جو عوامی نیشنل پارٹی کے حق میں تھا تاہم بعدازاں باقی رہ جانے والے ایک پولنگ سٹیشن کے نتائج آنے پر تحریک انصاف کے امیدوار عبدالسلام آفریدی کو اے این پی کے امیدوار احمد بہادر خان پر 61 ووٹوں کی برتری حاصل ہو گئی۔

عوامی نیشنل پارٹی نے پی کے 53 مردان کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دیدی۔
واضح رہے کہ مردان کے ضلعی ریٹرننگ آفیسر نے گزشتہ شب انتخابی نتائج کا دو مرتبہ اعلان کیا تھا جس کے خلاف اے این پی کے کارکنوں نے کالج چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے وقت ٹریفک معطل رہی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے ضلعی صدر حمایت اللہ مایار نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر رؤف خان نے پہلے 131 کی بجائے 130 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کا اعلان کیا جو عوامی نیشنل پارٹی کے حق میں تھا تاہم بعدازاں باقی رہ جانے والے ایک پولنگ سٹیشن کے نتائج آنے پر تحریک انصاف کے امیدوار عبدالسلام آفریدی کو اے این پی کے امیدوار احمد بہادر خان پر 61 ووٹوں کی برتری حاصل ہو گئی۔
بعدازاں دونوں جماعتوں کے کارکنان کا آمنا سامنا ہو گیا تھا تاہم پولیس کے بروقت آنے پر مشتعل کارکن پرامن طور پر منتشر ہوئے۔
آج اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کی ضلعی تنظیم کا ایک اہم اجلاس ہوا جس کے بعد دوبارہ گنتی کیلئے باقاعدہ درخواست جمع کرائی گئی۔