خیبر پختونخوا

عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میں 200 ملین ڈالر کی لاگت سے 3 پن بجلی گھر بنانے کی حامی بھرلی

ان منصوبوں سے مجموعی طورپر157 میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہونے کے ساتھ ساتھ روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ پن بجلی کے تینوں منصوبوں کو 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔

عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے 200 ملین ڈالرز کی مالی معاونت کی فراہمی پر اتفاق کرتے ہوئے پن بجلی کے 3منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تو دوسری طرف روزگار کے نئے مواقع میسرآئیں گے۔

اس سلسلے میں عالمی بینک کے انرجی سپیشلسٹ لیڈر ڈاکٹر ریکرڈ لیدن (Dr. Rikard Liden) اورسینئر انرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی سربراہی میں عالمی بینک کے مشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدکیا۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی سلیم خان،پیسکو چیف امجد علی خان، چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ،سیکرٹری سینئرممبربورڈآف ریونیو ایس ایم بی آر قیصرخان، جنرل منیجرہائیڈل انجینئر بہادرشاہ اور ڈائریکٹر پیسکوحبیب خان مروت نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی بینک خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر اور سوات میں پن بجلی کے 3منصوبے پتراک شرینگل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ22 میگاواٹ ،بریکوٹ پتراک ہائیڈروپاور پراجیکٹ47 میگاواٹ اورگبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ 88 میگاواٹ کی تعمیر کے لئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت فراہم کرے گا۔

ان منصوبوں سے مجموعی طورپر157 میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہونے کے ساتھ ساتھ روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ پن بجلی کے تینوں منصوبوں کو 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں عالمی بینک کے ٹیم لیڈر نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی کے لئے کئی پروگرامز پر کام کررہا ہے جس سے یہاں ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوگا۔ انہوں نے ضلع کوہستان میں داسو پاورپراجیکٹ میں حائل رکاوٹیں دورکرنے کے لئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کی درخواست کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button