خیبر پختونخوا

نوشہرہ، زیادتی کا شکار خاتون کی چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل

متاثرہ خاتون نے پولیس پر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرنے کا الزام عائد کیا اور چیف جسٹس سے اپیل کی کہ انہیں انصاف دلایا جائے۔

نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں مبینہ طور پر زیادتی کا شکار خاتون نے مثالی پولیس سے مایوس ہونے کے بعد انصاف کیلئے عدالت عظمیٰ کو دہائی دی ہے۔

میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں مسماۃ (س) کا کہنا ہے کہ ملزم احمد سلام اور ملزم منور اسے اسلحے کے زور پر اغوا کرکے مسلسل سات دن تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے تاہم ساتویں دن موقع پا کر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق  پہلے اس کی ساس تھانے گئی تو پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا اور جب فرار ہونے کے بعد وہ خود تھانے رپورٹ درج کرانے گئی تو بھی پولیس نے انکار دیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس پر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرنے کا الزام عائد کیا اور چیف جسٹس سے اپیل کی کہ انہیں انصاف دلایا جائے۔

دوسری جانب اکوڑہ پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ایسی رپورٹ درج کرانے کوئی بھی خاتون تھانے نہیں آئی۔

پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور الزامات درست ثابت ہونے پر ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button