لکی مروت میں ای پی آئی کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد، انسداد خسرہ مہم میں علماء کے کردار کی ضرورت پر زور

لکی مروت میں ای پی آئی کے زیراہتمام علماء کیلئے منعقدہ ورکشاپ میں انسداد خسرہ مہم میں ان کے کردار کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ورکشاپ میں علماء کرام کے علاوہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نمائندہ ڈاکٹر نیاز نصراللہ اور ای پی آئی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عمر فیصل کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر حکام نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے شرکاء سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر ریاض نصراللہ کا کہنا تھا کہ خسرہ ایک خطرناک مرض ہے جس پر حفاظتی ٹیکہ جات و ویکسینیشن اور علماء کی مدد سے عوام میں شعور و آگہی پیدا کرتے ہوئے قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لکی مروت میں یہ موذی بیماری بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس خطرے پر قابو پانے اور نئی نسل کو اس سے بچانے کے حوالے سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ 15 مئی سے شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم کی اہمیت کے حوالے سے والدین میں شعور اجاگر کریں۔
ڈاکٹر ریاض کے مطابق انسداد پولیو ویکسین کے کوئی مضر صحت یا منفی اثرات نہیں ہوتے اس لیے تمام والدین اپنے بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔