بھارتی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں: شہریار آفریدی
دورہ کوہاٹ کے موقع پر پریس کلب میں صحافیوں سے مختصر بات چیت کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم ہندوستان کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
دورہ کوہاٹ کے موقع پر پریس کلب میں صحافیوں سے مختصر بات چیت کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں الیکشن قریب آتے ہی مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے لیکن ہم بھارت میں امن کے خواہاں اسٹیک ہولڈرز کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔
وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے بتایا کہ افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت اور شناختی کارڈ دینے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں رائے عامہ کے بعد ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معاملے میں عدلیہ آزاد ہے جو بھی فیصلہ ہوا اسے قبول کریں گے۔
شہریارآفریدی نے کہا کہ گزشتہ وفاقی حکومت نے کوہاٹ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، موجودہ حکومت ملک بھر میں ایسے علاقوں پر توجہ دے گی جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔