ڈی آئی خان: باؤلے کتے کے کاٹنے سے 21 افراد زخمی، ہسپتالوں میں ویکسین ناپید
قریبی جھونپڑیوں میں رہائش پذیر خانہ بدوشوں نے ڈنڈ وں کے وار سے کتے کو ہلاک کردیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ دھپانوالی میں باولے کتے کے کاٹنے سے بچوں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم ہسپتال میں ویکسین نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گزشتہ شب بستی دھپانوالی میں دو گھنٹے کے دوران ایک باؤلے کتے نے بچوں سمیت 21 افراد کو کاٹ کر شدید زخمی کردیا تاہم قریبی جھونپڑیوں میں رہائش پذیر خانہ بدوشوں نے ڈنڈ وں کے وار سے کتے کو ہلاک کردیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیاگیا لیکن وہاں کتے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں تھی دیگر ہسپتالوں مفتی محمود اور ضلع کے تمام بی ایچ یوز سے معلومات لینے پر وہاں بھی ویکسین ناپید پائی گئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق کتے کے کاٹنے کے انجکشنوں کا کورس تقریباً 80 ہزار روپے میں مکمل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال، مفتی محمو دہسپتال سمیت ضلع کے تمام بی ایچ یوز میں کتے کاٹے کی ویکسین طویل عرصہ سے ناپید ہے۔