پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع کی جائے گی
قبائلی ضلع خیبر، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں یہ مہم کل سے 5 دن تک جاری رہے گی۔

خیبرپختونخوا اور اس کے قبائلی اضلاع میں کل سے 3 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی جبکہ ضلع خیبر، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں یہ مہم کل سے 5 دن تک جاری رہے گی۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے کو آر ڈنیٹر محمد عابد وزیرکے مطابق صوبہ کے تمام اضلاع میں کل24ستمبر سے شروع ہونے والی3روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پا نچ سال سے کم عمرکے 57لاکھ سے زائدبچوں کو نہ صرف پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے بلکہ ان بچوں کو وٹامن اے کی خوراکیں بھی دی جائیں گی جس سے ان بچوں میں مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔
محمد عابد وزیر کے مطابق پولیو ویکسین اور وٹامن اے کی خوراکیں دینے کی یہ مہم نہ صرف مقامی آبادی میں بلکہ صوبہ خیبرپختونخوا بھر میں ٹی ڈی پیز اور افغان مہاجرین کے 74کیمپوں میں بھی چلائی جا ئے گی اس مہم کے لئے تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز پر مشتمل 21ہزار 858ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 19ہزار 161 موبائل ٹیمیں، 1ہزار620فکسڈ ٹیمیں،895ٹرانزٹ ٹیمیں اور 182رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے 5ہزار 36ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
اس مہم کے لئے 32ہزارپولیس اہلکاراور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے تعاون سے انسداد پولیو مہم کو کا میاب بنانے کے لئے سیکورٹی کے خا طر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔
دوسری جانب کل پیر کے روز خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور سیکورٹی فراہم کرنے والے اداروں کی سرپرستی اور نگرانی میں شروع کی جائے گی۔
یہ تین روزہ انسداد پولیو مہم26 ستمبر، 2018 تک جاری رہے گی جس کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گاتاہم ضلع خیبر، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم پانچ دن تک 24 ستمبر، 2018 سے 28 ستمبر، 2018 تک جاری رہے گی جس کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوائے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا قبائلی اضلاع کے کوآرڈنیٹرمحمود اسلم وزیر کے مطابق پورے قبائلی اضلاع میں5 سال سے کم عمر کے9لاکھ 13 ہزار 193 بچوں کو کل 3971 ٹیموں کی مدد سے پولیو قطرے پلوائے جائیں گے، جن میں 3666 موبائل ٹیمیں، 216 فکسڈ ٹیمیں اور 89 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں8 لاکھ 29 ہزار 997 بچوں کو وٹامن اے کیپسول دینے کا کا م بھی سرانجام دیں گی جن میں 6 ماہ سے 11 ماہ کی عمر کے92 ہزار 222 بچوں کو نیلی وٹامن اے کیپسول دی جائے گی اور 12 ماہ سے 59 ماہ کی عمر تک کے7 لاکھ 37 ہزار 775 بچوں کو سرخ وٹامن اے کیپسول دی جائے گی۔
محمود اسلم وزیر کے مطابق باجوڑ میں ماحولیاتی نگرانی کے ذریعہ پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، اس ضمن میں ٹیموں کو باجوڑ اورتمام قبائلی اضلاع میں آنے والے ہر بچے کو پولیو قطرے پلوانے کی تاکید کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قبائلی اضلاع نے 27 جولائی، 2018 کو پولیو کیس کے بغیر دو سال مکمل کر لئے ہیں۔