حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کو مزید خریداری سے روک دیا، آٹا سمیت دیگر اشیائے خوردونوش ناپید
ٹی این این کے ایک سروے کے مطابق حیات آباد سمیت پشاور شہر میں دیگر پچھلے دومہینے سے یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا نہیں مل پا رہا ہے ۔

انعام اللہ خان
صوبائی دارلحکومت پشاور کے یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردو نوش اور کاسمیٹکس سامان پچھلے دو ماہ سے غائب ہیں جسکی وجہ سے شہری سستے اور معیاری اشیاٗ کے خریدنے سے محروم ہیں۔
ٹی این این کے ایک سروے کے مطابق حیات آباد سمیت پشاور شہر میں دیگر پچھلے دومہینے سے یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا نہیں مل پا رہا ہے ۔
ٹی این این سے بات چیت کرتے ہوئے ایک شہری صدیق نے بتایا کہ عید الاضحیٰ کے بعد وہ مسلسل آٹا حاصل کرنے کے لئے یوٹیلیٹی سٹور جاتے ہیں لیکن ان کو آٹا نہیں ملتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹور اور بازار کے آٹے کے قیمتوں میں بہت زیادہ فرق ہے ، اگر آپ دیکھیں تو یوٹیلیٹی سٹور میں یس کلو گرام مکس آٹے کی قیمت 675 روپے ہے جبکہ بازار کے دکانوں میں یہ آٹا 790 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ نیزبازار والا آٹا معیاری بھی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز سے غریب اور متوسط طبقہ خریداری کرتے ہیں اور انکو نسبتاٰ سستے داموں پر معیاری اشیاٰ ملتے ہیں لیکن اب ان سٹوروں میں آٹے سمیت لوبیا، دالیں اوردیگر اشیائے خوردو نوش کی قلت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کومشکلات پیش آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو ختم کرنے کی کوشش کی تو ان کا راستہ روکا جائیگا۔
دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پشاور کے ریجنل منیجر شیر اعظم خان کا اس صورتحال کے حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی نئی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹوز کارپوریشن کو مزید اشیاٗ کی خریداری سے روکا ہوا ہے۔
ٹی این این سے بات چیت کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ نئے اشیاٗ کی خریداری پر پاپندی کی وجہ سے آٹا، گھی اور دالیں یوٹیلیٹی سٹوروں میں ناپید ہوچکی ہیں اور ہم لوگ صرف سٹاک میں پہلے سے موجود کئی اشیاٗ فروخت کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت ایک نئے عزم اورمنظم منصوبہ بندی کے تحت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو چلانے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور امید ہے کہ محرم کے بعد یہ نیا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر حال میں اشیائے خوردونوش پر عوام کو سبسیڈی فراہم کریگی اور یوٹیلیٹی سٹورز پہلے کی طرح رعایتی نرخوں پر عوام کو اشیاٗ فروخت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی وجہ سے بازار میں اشیاٗ کی نرخیں مستحکم ہوتی ہے کیونکہ بازار کی دکانیں ریٹیل قمیت پر اشیاٗ فروخت کرتی ہیں جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز میں یہ اشیاٗ دس سے پندرہ فی صد کم ریٹ پر ملتی ہے۔