خیبر پختونخوا

‘ہم ہر طرح کے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں’

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے ایک ہزار 125 جوانوں نے وطن کی خاطر کچھ بھی کر گزرنے کا حلف اٹھایا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے ‘ہم ہر طرح کے حالات سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور ملک کے ہر دشمن کو نیست و نابود کر دیں گے‘۔

شب قدر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 75 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نعرہ سب سے پہلے پاکستان ہے، ملک میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی قربانیاں قابل قدر ہیں، بین الاقوامی سطح پر بھی ایف سی کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے ایک ہزار 125 جوانوں نے وطن کی خاطر کچھ بھی کر گزرنے کا حلف اٹھایا جبکہ شہریار آفریدی نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پریڈ کے معائنے کے علاوہ ایف سی جوانوں سے سلامی بھی لی۔ تقریب میں کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان بھی شریک تھے۔

وزیر داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود سربلند جوانوں کی آنکھوں کی چمک اور ان کے چہروں کی دمک اس بات کا اعلان ہے کہ ٹریننگ کے سخت ترین مراحل سے گذرنے کے بعد یہ شیر جوان پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت کے لئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت تبدیلی کے واضح عوامی مینڈیٹ کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے اور امن و امان کی بہترین صورت حال کسی بھی معاشرے میں ترقی،خوشحالی اور استحکام کے بغیر حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔  یہی وجہ ہے کہ عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں امن و امان کا قیام اوریہاں سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخرمحسوس ہورہا ہے کہ پاکستان کو پرامن، خوشحال،باوقار اور مستحکم بنانے کے لئے آج ریاست کے تمام ادارے مکمل یکسوئی کے ساتھ ایک پیج پر ہیں،اس مقاصد کے لئے حکومت کے وژن اورسیاسی عزم کے ساتھ ساتھ بہادر سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس اداروں،سول آرمڈ فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی بے مثال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں اور مجھے فخر ہے کہ قربانیوں کے اس سلسلے میں فرنٹیر کانسٹیبلری خیبرپختونخواکا حصہ قابل قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹیرکانسٹیبلری کی موجودہ قیادت نے اس روایتی فورس میں کو دور جدید تقاضوں سے عہدہ براء ہونے کے لئے تمام شعبوں میں اصلاحات کا ایک جامع عمل شروع کررکھا ہے ۔ فورس کے جوانوں کو موجود ہ اور مستقبل قریب میں پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لئے بھرتی اورتربیت کے کڑے مراحل اور معیارات اپنائے جارہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ کمانڈنٹ ایف سی نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے اس کے حل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ بہادر اور دلیر افسروں اورجوانوں پر مشتمل یہ فورس پہلے سے بھی زیادہ مستعدی، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button