خیبر پختونخوا

پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ، سینئر وکیل سمیت 3 افراد زخمی، ملزم گرفتار

فائرنگ کا واقعہ سابقہ دشمنی کی بناء پر پیش آیا، ملزم نے اپنے مخالف لعل شیر پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں وکیل اور ایک چائے والا بھی زخمی ہوا۔

پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں سابقہ دشمنی کی بناء پر مسلح ملزم کی فائرنگ سے ایڈوکیٹ یوسف ریاض خلیل سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق آج صبح محمدزئی کا رہائشی لعل شیر عرف لعلے ایک کیس کے سلسلہ میں اپنے وکیل ایڈوکیٹ یوسف ریاض خلیل سے ملنے جوڈیشل کمپلیکس آیا تھا جہاں وہ وکلاء بار روم میں موجود تھا کہ اس دوران مسلح شخص نے لعل شیر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں لعل شیر، ایڈوکیٹ یوسف ریاض اور ایک چائے والا طارق زخمی ہوگیا۔

فائرنگ سے جوڈیشل کمپلیکس میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پستول سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کےلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں مجروح لعل شیر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ ملزم کی شناخت سعید اللہ ولد اسرار اللہ ساکن چمکنی یاسین آباد سے ہوئی ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اُس کی لعل شیر کے ساتھ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے جس کا بدلہ لینے کےلئے اُس پر فائرنگ کردی۔

دوسری جانب پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرکے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اور مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button