بنوں: تحریک طالبان کا سابق کمانڈر گل محمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل
گل محمد المعروف قاری سیف اللہ نے کچھ عرصہ قبل ہتھیار ڈال کر خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا تھا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم افراد نے تحریک طالبان پاکستان کے سابق کمانڈر گل محمد المعروف قاری سیف اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق بنوں ٹاؤن شپ میں مقیم شمالی وزیرستان کے لئے تحریک طالبان کے سابق کمانڈر گل محمد گزشتہ شب رات گئے اپنی گاڑی میں اپنے ساتھی کے ساتھ کسی کام سلسلہ میں جارہا تھا کہ اس دوران نامعلوم افراد نے اُن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں گل محمد متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اُن کا ساتھی زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مقتول گل محمد المعروف قاری سیف اللہ کا تعلق شمالی وزیرستان کی تحصیل بویا کے علاقہ محمد خیل سے تھا جو میرانشاہ میں دہشت گردی کی متعدد متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گل محمد نے کچھ عرصہ قبل ہتھیار ڈال کر خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا تھا۔