امسال ڈینگی کا پہلا وار، جمرود کی 50 سالہ خاتون کے ٹی ایچ میں دوران علاج چل بسیں
نمائندہ ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کی رہائشی شگفتہ کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کی موت واقع ہو گئی۔
خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں ڈینگی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے جہاں اب تک 2 سو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ جمرود سے تعلق رکھنے والی 50 سالہ خاتون امسال ڈینگی وائرس کا پہلا شکار بنی ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کی رہائشی شگفتہ کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کی موت واقع ہو گئی۔
ڈینگی کے زیادہ تر کیسز جمرود ہی سے رپورٹ ہوئے جہاں اس مرض نے وباء کی صورت اختیار کر لی ہے حکومت بظاہر جس پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔
اہل علاقہ نے مرض کی تشویشناک صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
آج نوشہرہ سے بھی ڈینگی کا ایک کیس سامنے آیا ہے جہاں 30 سالہ نبی اللہ کو دو دن بخار کی شکایت رہی تاہم قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیے جانے پر ان کے خون میں ڈینگی وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے گزشتہ دنوں ایجنسی سرجن ڈاکٹر شفیق نے کہا تھا کہ ڈینگی کے علاج سے زیادہ اس سے بچاؤ کی مہم پر خرچ آتا ہے اور محکمہ صحت اس سلسلے میں دو لاکھ یومیہ خرچ کر رہا ہے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی تھی کہ احتیاط سے کاام لیں، صاف پانی کھلا نہ چھوڑیں، مچھر دانیوں کا استعمال کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس سے کم ازکم 70 افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں متاثر ہوئے تھے۔