پشاور، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے اے این پی کے رہنماء محمد ابرار بھتیجے سمیت جاں بحق
ایس پی کینٹ سرکل وسیم ریاض کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد ابرار خلیل اپنے بھتیجے رشید خلیل کے ہمراہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے گئے تھے جہاں سے واپسی پر سبحان آباد چلماری روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

پشاور کے علاقہ تہکال میں ٹارگٹ کلنگ کی مبینہ واردات کے نتیجے میں پی کے 74 پشاور سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار محمد ابرار خلیل اپنے بھتیجے سمیت جاں بحق ہوگئے۔
ایس پی کینٹ سرکل وسیم ریاض کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد ابرار خلیل اپنے بھتیجے رشید خلیل کے ہمراہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے گئے تھے جہاں سے واپسی پر سبحان آباد چلماری روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چچا اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ ملزمان جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیں اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد ابرار خلیل پی کے 74 پشاور سے عوامی نیشنل پارٹی کے اُمیدوار تھے جبکہ اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔