تجاوزات کے خلاف تاریخی اپریشن 15جنوری سے شروع ہوگا :ڈی سی پشاور

ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پولیس اور ٹریفک افسران کے ساتھ پشاور کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اورتاریخی آپریشن شروع کرنے سے پہلے بازاروں کا جائزہ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرپشاور ریاض خان محسود ،ایس ایس پی ٹریفک صادق بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشاد سوڈھر، ایس پی سٹی امتیاز احمد، ناظم ٹاؤن ون ذاہد ندیم،اسسٹنٹ کمشنر الطاف شیخ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عمران خان سمیت عارف رؤف زونل منیجر ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگرافسران نے پشاور کے مختلف بازاروں قصہ خوانی، پیپل منڈی، کوہاٹی گیٹ، چرچ روڈ، کوچی بازار، مینا بازار، گھنٹہ گھر، پرانی سبزی منڈی، چوک یادگار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بازاروں میں تجاوزات کا جائزہ لیا گیا۔ اور وہ دوکانداران جنہوں نے عارضی طور پر اپنی دکانوں سے باہر سامان رکھا ہوا تھا۔ان کو موقع پر گرفتار کیا گیا جن کی تعداد 215 تھی۔ ناظم ٹاؤن ون نے ڈپٹی کمشنر پشاوراور پولیس افسران کو پشاور کے مختلف بازاروں میں تجاوزات دکھائیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان کو مسمار کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ تاریخی آپریشن 15 جنوری سے شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس آپریشن میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ اور تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پشاور سے تمام تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو جائے۔