“چل رنگ دے پشاور کو”

عرصہ دراز سے صوبہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا جس سے تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ متاثر ہوئے اور لوگوں کے ذہنوں پر ایک خوف طاری رہا۔ پشاور کے مناظر کو خوب رو، دلکش اور اسے عوام کے لئے جاذب نظر بنانے کے لئے ایک کاوش کا آغاز کیا گیا۔
اسی تناظر میں شہر کی دیواروں کو خوبصورت بنانے کے لیے ’رنگ دے پشاور‘ مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
جمعرات کو مہم کے آغاز کے موقع پر پشاور کی یونیورسٹی روڈ پر واقع تاریخی اسلامیہ کالج کی بیرونی دیوار کے قریب یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات کے علاوہ شہر کے آرٹسٹ اور محکمہ ثقافت کے حکام جمع ہوئے۔
یہ دیوار تقریباً تین سو فٹ لمبی ہے جس پر خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کو ایک نقشے سے ظاہر کیا گیا ہے اور اسے سبز، نیلے اور دیگر رنگوں سے خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔رنگ دے پشاور‘ مہم خیبر پختونخوا کے محکمہ ثقافت کے زیر انتظام شروع کی گئی ہے۔ مہم کے منتظمین نے ٹی این این کو بتایا کہ پشاور شہر کی بیشتر خالی دیواروں کو رنگین کرنے کی مہم کے دوران حیات آباد فیز تھری چوک سے اقرا چوک تک دس سے 12 ایسی دیواروں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی لمبائی 20 سے 30 فٹ ہے اور اب انھیں خوبصورت رنگوں سے سجایا جائے گا۔
محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر باسط خان کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اب اس شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لیے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ صرف ’رنگ دے پشاور‘ ہی نہیں صوبے کے مختلف شہروں میں علاقائی کھیلوں، موسیقی اور تھیٹر سے متعلق تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ اس صوبے کی مثبت تصویر سامنے لائی جائے۔