خیبر پختونخوا

رواں سال ڈھائی ارب روپے سے زائد کے مفت درسی کتب تقسیم کی جائینگی‘ عاطف خان

خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا امسال طلباءمیں 2 ارب 73 کروڑ 80 لاکھ روپے کی مفت درسی کتب تقسیم کرے گی اورصوبے کے ہر بچے کو ان کتب کی بروقت فراہمی ہرصورت یقینی بنائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوںنے منگل کے روز ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور میںمفت درسی کتابوں کی فراہمی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ نے بھی خطاب کیا اور بورڈکی کارکردگی اورکامیابیوں پرروشنی ڈالی صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ٹیکسٹ بک بورڈنے اوپن ٹینڈر کے ذریعے قلیل مدت میں نصابی معیاری کتابوں کی اشاعت یقینی بنائی ہے اورپورے مرحلے میں شفافیت کو مدنظررکھا گیاہے ۔انہیں مزیدبتایاگیاکہ بورڈ نے اس سال گریڈون تا انٹرکلاس کے طلباءکے لئے 4 کروڑ64 لاکھ 79 ہزار 4 سو 82 کتابیں تیار کی ہیں اور ان پر تقریباً پونے تین ارب روپے خرچہ آیا ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہرشعبے میں اچھی طرز حکمرانی متعارف کرائی ہے اور میرٹ کو مقدم رکھا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھرتیوں سمیت دیگرامور میں اپنے ہرقسم کے صوابدیدی اختیارات ختم کردیئے ہیں کیونکہ ہم اپنے آپ کو حکمران نہیں بلکہ عوام کا خادم اورسرکاری وسائل کے نگہبان سمجھتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد افرادکی بجائے اداروں کو مضبوط کرناہے اور اسی مشن پر گامزن ہیں ۔عاطف خان نے دو ٹوک الفاظ میںکہا کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ ہوگا اورنہ ہی سرکاری وسائل سے اپنوںکو نوازاجائیگا۔ انہوںنے کہا کہ ہماری تمام ترتوجہ سسٹم اپ گریڈکرنے پر ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے ان کے دور میں 25 ہزار اساتذہ میںسے ایک بھی سفارش پر بھرتی نہیںہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت میںنااہل اورسفارشی لوگو ں کےلئے کوئی جگہ نہیں ۔ٹیکسٹ بک بورڈ کاذکر کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہاکہ صرف پرنٹنگ بورڈ کامینڈیٹ نہیں بلکہ اس نے اپنے دائرہ کار کو اور بھی وسعت دینا ہے ۔انہوںنے کہا کہ درسی کتابوںمیں ایسا موادشامل کیا جائے جس سے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔انہوںنے کہا کہ پرائمری سطح پر طلباءکے لئے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے اور اسی لئے 10 ہزار پرائمری سکولوں میں پلے ایریازقائم کئے جارہے ہیںجبکہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر نئے سکول میں پلے ایریا کے قیام کو لازمی قرار دیاگیاہے۔بعدازاں وزیر موصوف نے مختلف سکولوں کے بچوں کو مفت درسی کتب دیکرمفت کتابوں کی فراہمی کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button