خیبر پختونخوا

باچاخان یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، سیکورٹی انتظامات سخت

چارسدہ میں واقع باچاخان یونیورسٹی کو چھبیس دن قبل ہونے والے حملے کے بعد آج پیر کے روز تعلیمی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

ادارے کے وائس چانسلر فضل رحیم مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام طلبا و طالبات کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔ وی سی کا کہنا تھا کہ طلبا کے دلوں سے خوف و ہراس دور کرنے کے لئے یونیورسٹی میں دو دن کے لئے نفسیاتی کمیپ لگایا جائے گا جس میں ماہر نفسیات بلائے جائینگے۔

ٹی این این سے باتیں کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ترجمان سعید خان کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات سخت کرنے کے لئے مزید اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ ہاسٹلز آج کھول دئے گئے ہیں اور کلاسسز کا باقاعدہ اجرا کل سے ہوگا۔ یونیورسٹی کے طالب علم باسط نے ٹی این این کو بتایا کہ چھبیس دن قبل ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں اس کا دوست جان کی بازی ہار گیا جس کی اسے بہت یاد آتی ہے لیکن تعلیم حاصل کرنے کے لئے اس کا حوصلہ بلند ہے۔

بیس جنوری دو ہزار سولہ کو شدت پسندوں نے مذکورہ یونیورسٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا تھا جس میں ایک استاد، لائبریرئ اسسٹنٹ اور اُنیس طلبا سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے تھیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button