رنگ روڈ کے دونوں اطراف 40کلومیٹر سروس روڈ منصوبے کاافتتاح

پشاور (ٹی این این ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں پیر زکوڑی فلائی اوور سے حیات آباد ٹول پلازہ تک رنگ روڈ کے دونوں اطراف 40 کلومیٹر لمبے سروس روڈ زکی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ۔ منصوبہ 8 ماہ کی مدت میں 1.9 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری ، اعلیٰ حکام اور سماجی شخصیات موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ موجودہ حکومت پشاور کی ترقی اور خوبصورتی پربھر پور توجہ دے رہی ہے اور بہت جلد شہر کاکوئی بھی حصہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زبانی دعوؤں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کوہاٹ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کو بھی ایک سال میں مکمل کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جس طرح پشاور کے شہریوں نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے حکومت بھی اسی جذبے سے انکی خدمت کرتی رہے گی ۔