سی ٹی ڈی نے پانچ شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا

کاؤنٹر ٹیر ر ازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے بنوں اور دیر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5افراد کو گرفتار کیا ہے ، ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور تخریب کاری کے دوسرے آلات بھی برآمد کئے گئے ہیں، دیر سے گرفتار عسکریت پسند سلیمان کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر تھی ۔
محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخوا کے مطابق سی ٹی ڈی ملاکنڈر یجن نے دیر کے علاقے خال میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رکن سلیمان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزم نوشہرہ میں متعدد سکولوں کو دھماکوں سے اڑانے میں ملوث تھا جس کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے 20لاکھ روپے انعام مقرر رکھاتھا ۔
ادھر بنوں پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے تھانہ منڈان کی حدود سے کالعدم تنظیم کے 4شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضے سے 4 کلوبارودی مواد ،ڈیٹو نیٹر اور دیگر آلات برآمد کئے گئے جبکہ ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔