ثقافت کی زندہ امین پروگرام کے تحت498 آرٹسٹوں میں اعزازیئے تقسیم، ماہانہ 30 ہزار روپے دیے جائینگے

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے 498 فن کاروں میں ما ہانہ 30ہزار روپے کے اعزازیئے تقسیم کردیئے گئے، اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاوس میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، وزیراعلیٰ پرویز خٹک سمیت شعراء، ادباء ، خطاطوں اور گلوکارو ں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب میں مختلف صوبائی حکومت کی ثقافت کی زندہ امین پروگرام کے تحت مختلف ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 498 آرٹسٹوں میں اعزازیئے تقسیم کئے گئے ، 30ہزار روپے اعزازیہ 8مہینے تک مذکورہ آرٹسٹوں کو دیا جائے گا.
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبہ کے ہر ڈویژن میں کلچر سنٹر قائم کرنے اور فن کاروں اور ادیبوں کیلئے 50کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ منظور کرنے کا بھی اعلان کردیا ۔ اعزازیہ وصول کرنیوالے ایک فن کار اسماعیل شاہدنے موجودہ حکومت کی جانب سے فن کاروں کیلئے مختلف اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی فن کاروں کی اس طرح مدد جاری رکھے گی ۔