عوام کی صحت پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے: پرویز خٹک

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ہفتے کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی حیات اآباد میں کینسر اور امراض خون کے بارے میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے طبی تدریس کے اداروں اور ہسپتالوں میں اصلاحات لارہی ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہو سکیں۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اﷲ ، ڈاکٹرعابد سہیل تاج نے بھی خطاب کیا کانفرنس میں ملک بھر سے طبی ماہرین اور محققین نے شرکت کی ۔ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی تدریسی اور تحقیقی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طبی تربیت اور تحقیق بہت اہمیت کے حامل ہے اور اس سے صوبے میں دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کا راستہ ہموار ہو جائے گا ۔ کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے منتظمین نے طبی تحقیق کے ماہرین کو اپنی تحقیقی کاؤشیں ماہرین تک پہنچانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے ۔ وزیر اعلٰی نے توقع ظاہر کی کہ کانفرنس کینسر اور امراض خون کی تشیخص اور علاج کے ساتھ طبی تحقیق کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی صحت کو بہت اہمیت دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے ہسپتالوں اور طبی تحقیق کے اداروں کے انتظامات کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے ۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مفت علاج کیلئے بھی اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔