خیبر پختونخوا

بی آر ٹی، نئے روٹ کو ناگمان تک توسیع دینے کی درخواست

بی آر ٹی فیڈر کے نئے روٹ کو ناگمان تک توسیع دینے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی۔

راحت علی نحقی اور حاجی اخترعلی خان ایڈوکیٹس کی وساطت سے مقدر شاہ نحقی کی جانب سے دائر رٹ میں بی آر ٹی کے نئے روٹ کی شاہ عالم کی بجائے ناگمان تک توسیع دینے کی استدعا کی گئی ہے جس سے مزید آبادی مستفید ہو سکے گی۔

رٹ پٹیشن میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری کمیونیکشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے پی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

رٹ میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شاہ عالم پل تک بی آر ٹی فیڈر کا نیا روٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے تاہم نحقی، خٹکے اور ناگمان سمیت دیگر تقریباً 15 سے 20 دیہات بھی ضلع پشاور کی حدود میں آتے ہیں لہذا بی آر ٹی روٹ کو ناگمان تک توسیع دینی چاہیے۔

راحت علی نحقی ایڈوکیٹ کے مطابق بی آرٹی روٹ کو ناگمان تک توسیع نہیں دی جاتی تو یہ ان دیہاتوں کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہو گا، عدالت سے بی آرٹی ٹرمینل تودہ سپین کی بجائے ناگمان چوک میں قائم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے جس سے ہزاروں لوگوں کی آبادی مستفید ہو سکے گی۔

دو رکنی بنچ کی جانب سے رٹ پٹیشن پر جلد سماعت متوقع ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button