خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ستمبر میں کروانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں 15ستمبر2021ء کو مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا جس کی صوبائی کابینہ نے توثیق کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے پر عزم ہے اور یہ امر اس بات کا بین ثبوت ہے کہ حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کس حد تک سنجیدہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کے بہترمفاد میں متعدد قوانین بنائے ہیں جس پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ وزراء اور انتظامی سیکرٹریز اپنے اپنے محکموں کے قوانین پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں اور کابینہ کو اس سلسلے میں رپورٹ پیش کریں۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت بدھ کے روزسول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہواجس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلا س میں صوبائی وزرائ، مشیر، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری،اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبائی کابینہ کا اجلاس ہر ہفتے منگل کے روز منعقد کیا جائے گا تاکہ قانون سازی کیلئے ہر ایجنڈے پر تفصیلی غورو خوض ہوسکے۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں میں کھڑی خراب گاڑیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی فوری مرمت کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے وزیرستان میں آئی ڈی پیز کو اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی طرز پر پیپرا رولز، ریٹائرمنٹ رولز اور ای اینڈ ڈی رولز کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے چیف خطیب اور معاون قاضیوں کے وظیفوں میں اضافے کیلئے بھی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پروبیشن اینڈ پے رول ایکٹ2020ء کی منظوری دی یہ جیل میں معمولی مقدمات میں سالہا سال سے قید افراد کی مشروط رہائی، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور نفسیاتی علاج میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

صوبائی کابینہ نے صوبے میں واٹر ریسورس مینجمنٹ کیلئے واٹر کمیشن اور واٹر ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی جو باالترتیب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کام کریں گے۔یہ انتہائی اہم قانون سازی ہے جس سے ہماری آئندہ نسلوں کیلئے پینے کے صاف پانی اور ساتھ ہی ساتھ آبپاشی کی ضرورتوں کیلئے پانی ذخیرہ کرنے میں دوررس نتائج کا حامل ہوگا۔

صوبائی کابینہ نے پرائمری، مڈل،ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام شروع کرنے اور اس پر عمل درآمد کیلئے طریقہ کار کی منظوری دیدی ہے۔ پروگرام کے تحت ڈبل شفٹ کیلئے موجودہ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاہم جہاں پر ممکن نہ ہو تو مارکیٹ سے بھی فکسڈ پے پر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

کابینہ نے فکسڈ پے کیلئے وظیفے کے تعین کی بھی منظوری دیدی جس کے تحت اساتذہ کیلئے درج ذیل وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔ پرائمری ٹیچر12000روپے ماہانہ، مڈل15000، ہائی سکول18000، ہائیر سیکنڈری سکول20000، کلریکل سٹاف7000جبکہ کلاس فور5000روپے ڈبل شفٹ مالی سال2021-22سے نافذ العمل ہوگا۔باہر سے لئے گئے اساتذہ خالصتاً عارضی بنیادوں پر لئے جائیںگے۔صوبائی کابینہ نے آئل اینڈ گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں آئل اینڈ گیس کی پیداوار میں توسیع و بحالی کیلئے3676.842ملین روپے سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے تاہم محکمہ خزانہ ضرورت کے مطابق مذکورہ فنڈز وقتاً فوقتاً جاری کرنے کیلئے با اختیارہوگا۔یہ فنڈز گیس رائلٹی کے مد سے جاری ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button