خیبر پختونخوا

شمالی وزیرستان اور نوشہرہ میں ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان اور نوشہرہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

نوشہرہ پولیس کے مطابق سپاہی شاہ فیصل ہیڈکوارٹر پشاور میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا اور آج شام تاروجبہ کے قریب نامعلوم افراد نے انہیں گھر کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے مختلف سوشل میڈیا اور اپنی ویب سائٹ پر تحریری بیان جاری کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کپٹن (ر) نجم الحسنین نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ نوشہرہ پولیس اس بیان کا بغور جائزہ لے رہی ہے، تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا، شہید کانسٹبل شاہ فیصل کا موبائل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور جے آئی ٹی بنادی گئی ہے جو ہر چیز کا جائزہ لے رہی ہے، شہید کانسٹبل کے ساتھ دیگر پولیس فورس ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھی ان کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مقتول شاہ فیصل کی فائل فوٹو

نوشہرہ پولیس کے مطابق تھانہ پبی نے شہید کانسٹبل شاہ فیصل کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے قریبی ہسپتال میاں راشدمموریل ہسپتال پبی منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان نے جاں بحق پولیس اہلکار کے گھر کا دورہ کیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان نے اہلخانہ سے تعزیت اور پولیس اہلکار کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی۔

ڈی آئی جی مردان شیر اکبر نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین نے کیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اہلخانہ کو ہر قسم مدد اور جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نامعلوم افراد نے فیلڈر موٹر پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق تحصیل میرعلی میں نامعلوم افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جن میں ایک مقامی  اور تین غیر مقامی بتائے جاتے ہیں جن کا تعلق ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور گوجرانولہ سے ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس کی مختلف ٹیمیں کیس کی تحقیقات باریک بینی سے کر رہی ہیں، جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے میرعلی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button