خیبر پختونخوا

”بی آر ٹی سروس ایک روز قبل بحال کی جائے گی”

بس ریپڈ ٹرانزٹ کی انتظامیہ، ٹرانس پشاور نے کہا ہے کہ بی آر ٹی بس سروس تعین کردہ تاریخ سے ایک دن قبل عوام کیلئے بحال کر دی جائے گی۔

ترجمان ٹرانس پشاور کی جاب سے جاری بیان کے مطابق ٹرانس پشاور اور بس کمپنی کی ٹیم مکمل طور پر متحرک ہے اور عوام کو محفوظ اور بہترین سفری سہولت دینا ادارے کی اولین ترجیح ہے، بی آر ٹی سروس کو بس کمپنی کی سفارش کے بعد 24 اکتوبر سے بحال کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق بی آر ٹی سروس کو بس بنانے والی کمپنی اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا تاہم بس کمپنی اور ٹرانس پشاور ماہرین کی جانب سے سروس کو جلد از جلد بحال کرنے کے حوالے سے دن رات کام کیا گیا، تمام بسوں کی جامع تحقیقات، نئے آلات کی نصبی، لوڈ اور روڈ ٹیسٹنگ کی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری 24 اکتوبر سے اس بہترین سفری سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے (تاہم) بی آر ٹی کے تمام مسافروں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مسافروں سے التماس ہے کہ بسوں میں خواتین، معذور اور معمر افراد کی مخصوص نشستوں پر نہ بیٹھیں۔

ترجمان ٹرانس پشاور کی جانب سے مسافروں سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ بی آر ٹی کی مرکزی راہداری کے ہر اسٹیشن پر ہر 2 سے 4 منٹ کے بعد بس پہنچے گی (لہٰذا) مسافر حضرات بسوں میں غیر ضروری رش پیدا کرنے سے گریز کریں اور اگلی بس کا انتظار کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل، آج ہی مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا  نے بی آر ٹی بس سروس 25 اکتوبر سے دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قبل ازیں 19 اکتوبر کو بیان جاری کیا گیا تھا کہ پچیس اکتوبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے باعث آزمائشی سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے تاہم مستقبل میں زیادہ مسافروں کے بی آر ٹی میں سفر کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button