شاہ محمود قریشی سے ضمیر کابلوف کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیوٹن کے خصوصی ایلچی آج اسلام آباد پہنچے تو دفتر خارجہ اور اسلام میں روسی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نےائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ پہنچنے پر ضمیر کابلوف نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جبکہ بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے موقع پر دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل سمیت خطے میں جاری صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن مجموعی طور پر خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے جس کیلئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
دوسری جانب روسی صدر کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف نے افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان مسئلہ کے حوالے سے اسلام اباد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔