چاہیں تو ایرانی تیل کی قیمت نہ ہونے کے برابر کر دیں۔ ڈونلد ٹرمپ
میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تیل کا معاملہ انتہائی توجہ کا حامل ہے، ہم نے ایران پر بڑی سخت پابندیاں عائد کی ہیں لیکن جہاں تک تیل کی فروخت کا معاملہ ہے تو ہم آہستہ جائیں گے کیونکہ ہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندیاں آہستہ آہستہ عائد کرے گا کیونکہ اس طرح تونائی کے شعبے پر اس کے برے اثرات مرتب نہیں ہوں گے جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایکدم اضافہ بھی نہیں ہو گا۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تیل کا معاملہ انتہائی توجہ کا حامل ہے، ہم نے ایران پر بڑی سخت پابندیاں عائد کی ہیں لیکن جہاں تک تیل کی فروخت کا معاملہ ہے تو ہم آہستہ جائیں گے کیونکہ ہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایران کیلئے نہیں کیا گیا اور اگر ہم چاہیں تو ایرانی تیل کی قیمت نہ ہونے کے برابر کر دیں لیکن ایسا کرنے سے عالمی منڈی متاثر ہوگی۔
قبل ازیں وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اب تک ایران پر عائد کی گئیں پابندیوں میں سے یہ سب سے بڑی سخت پابندی ہے کیونکہ اس کے ساتھ ایران اور ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک نشانہ بنیں گے۔
دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ کی جانب سے عائد تمام پابندیاں توڑے گا اور دنیا کو تیل کی فروخت جاری رکھے گا۔
علاوہ ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا سرکاری ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایران اپنے اقتصادی معاملات چلانے کی بہتر سمجھ بوجھ رکھتا ہے جبکہ امریکہ اس طرح کے اقدامات سے اپنے سیاسی اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہی رہے گا۔