سی پیک مشرق وسطیٰ اورخلیجی ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم عمران خان
چین کے شہر شنگھائی میں جاری انٹرنیشنل ایکسپو سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چین کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ون بیلٹ و روڈ منصوبہ عالمی برادری کیلئے مشترکہ طور پر فائدہ مند اور رابطوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک مشرق وسطیٰ اورخلیجی ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا۔
چین کے شہر شنگھائی میں جاری انٹرنیشنل ایکسپو سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چین کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ون بیلٹ و روڈ منصوبہ عالمی برادری کیلئے مشترکہ طور پر فائدہ مند اور رابطوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل اور سپورٹس گڈز برآمد کرنے والال ایک اہم ملک ہے جبکہ اس کے علاوہ پاکستان کا طبی سامان برآمد کرنا بھی اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نئے پاکستان کا نعرہ لگا کرآئی ہے اور وہ ہرشعبے میں تبدیلیاں لارہے ہیں۔
ہم شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، کاروبار اور حکومت چلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں شاہراہ قراقرم، سی پیک کے جدید ہائی ویز کے نیٹ ورک کا حصہ ہے جو گوادر کی بندرگاہ سے جوڑتے ہیں اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا نقطہ آغاز بھی ہے جس سے خطے کو بھرپور فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں وسائل سے مالامال ہیں جس میں زرخیززمین، 12 کلامیٹک زونز پر مشتمل ایک زمین ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان افرادی قوت میں بھی مالامال ہے جہاں 10 کروڑ پاکستانی 35 سال سے کم عمر ہیں اوراسی طرح نیا پاکستان کاروبار کے لیے اہم اوربہترجگہ ہوگی۔
قبل ازیں چینی صدرشی چن پنگ نے نمائش سے خطاب میں کہا کہ چین دیگرممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا اوردرآمدات بڑھا کرعالمی برادری سے تعلقات مستحکم ترکرناچاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اورمصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا جبکہ گلوبلائزیشن نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا۔
چینی صدرنے کہا کہ درآمدات بڑھا کرعالمی برادری سے تعلقات مستحکم ترکرنا چاہتا ہے، چین کے دروازے تمام ممالک کیلیے مزید وسیع کریں گے جبکہ تجارت اورسرمایہ کاری کے مواقع بڑھائےجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین آئندہ 15 سال میں 30 کھرب ڈالرکی اشیادرآمد کرے گا جب کہ 15 سال میں 10 کھرب ڈالرکی خدمات بھی درآمد کرے گا۔
ایکسپو میں وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پوتن سمیت 30 ممالک کے 130 مندوبین نمائش میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پانچ روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ چینی سرمایہ کاروں اور کمپنی سربراہان سے ملاقاتیں کیں ہیں۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان 15 مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کے علاوہ تجارت اپنی کرنسی میں کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔