وزیر اعظم کا دورہ: چین اور پاکستان کے درمیان 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیراعظم اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر شامل ہیں۔

پاکستان اور چین نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کر دیئے۔
معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کر دیے۔
تقریب میں دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ میں معاہدہ ہوا۔ ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی کے درمیان بھی معاہدہ پر دستخط ہوئے۔
اسلام آباد پولیس اوربیجنگ پولیس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان پاکستان سے غربت کےخاتمے کےلیےمفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اسی طرح دونوں ممالک نے زراعت اور اقتصادی وتکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں اور پاکستان دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام میں دوستانہ تعلقات مضبوط شراکت داری کے باعث ہیں اور پاکستان دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔
عمران خان کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندگان کی حیثیت سے پاکستان اور چین کی حکمران جماعتوں کے مابین تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطہ مہم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس میں سیاسی جماعتوں، تعلیمی اداروں، میڈیا، نوجوان، خواتین اور تحقیقی اداروں کے مابین تعلقات شامل ہیں۔
قبل ازیں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیراعظم اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر شامل تھے۔
Bilateral Meeting between Prime Minister of Pakistan Imran Khan and Chinese Premier Li Keqiang is underway in Beijing China (03.11.18)#PrimeMinisterImranKhan #PMIKVisitsChina @ImranKhanPTI pic.twitter.com/nTc8Y9h6CR
— PTI (@PTIofficial) November 3, 2018
وزیراعظم عمران خان جب گریٹ ہال پہنچے تو چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور ان کی کابینہ ارکان نے ان کا استقبال کیا، جہاں ان کے اعزاز میں خیرمقدمی تقریب ہوئی اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان تیانمن اسکوائر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائے تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم 5 روزہ دورے پر یکم نومبر کو چین پہنچے تھے، وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔
وزیراعظم کی آج چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی طے ہے۔ 4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔
چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔