بین الاقوامی

صرف رواں برس دنیا بھر میں کم از کم 88 صحافی مارے گئے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ

صحافیوں کیخلاف جرائم سے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گویٹریس نے حکومتوں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انہیں کام کے سلسلے میں درکار سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران دنیا بھر میں اپنے ناگزیر فرائض کی سرانجام دہی کے دوران ایک ہزار سے زائد صحافی مارے گئے جبکہ ہر دس میں سے 9 کیسز میں آج تک قاتلوں کا سراغ مل سکا نہ ہی کسی کو ان جرائم کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

صحافیوں کیخلاف جرائم سے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گویٹریس کا کہنا تھا کہ خواتین صحافیوں کے نہ صرف اپنی رپورٹنگ بلکہ صنف کی وجہ سے بھی بشمول جنسی تشدد کی دھمکی کے نشانہ بننے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صرف رواں سال دنیا بھر میں اب تک کم از کم 88 صحافی مارئ جا چکے ہیں۔

صحافیوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انٹونیو گویٹریس کا کہنا تھا کہ جب صحافیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کا خمیازہ پورے معاشرے کو بھگتنا پڑتا ہے جبکہ انہیں اس طرح کے بڑھتے واقعات اور ان کیلئے کسی کے ذمہ دار نہ ٹھہرائے جانے پر سخت تشویش لاحق ہے۔

انہوں نے حکومتوں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انہیں کام کے سلسلے میں درکار سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

خطرات اور دھکمیوں کے باوجود اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ان کا کام اور فرض کی راہ میں مارے گئے ان کے ساتھیوں کی موت ہمیں اس امر کی یاد دلاتا ہے کہ سچ کبھی مرتا ہے نہ ہی آزاد اظہار رائے کے بنیادی حق کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ۔

انٹونیو گویٹریس نے کہا کہ رپورٹنگ کوئی جرم نہیں اور آئیں سچ اور انصاف کی خاطر صحافیوں ہم سب صحافیوں کا ساتھ دیں۔

واضح رہے کہ ہر سال 2 نومبر کو دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف جرائم سے تحفظ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور اس سلسلہ میں صحافتی تنظیموں کے زیراہتمام آگاہی واکس اور سیمینارز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ الیکٹرنک میڈیا پروگرامز نشراور پرنٹ میڈیا فیچر شائع کیے جاتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button