افغانستان کے صوبے فاراح میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 25 افراد جاں بحق
افغان فوج کے ترجمان نجیب اللہ نجیبی کا ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ظفر ملٹری کور کے ہیلی کاپٹر میں ڈپٹی کمانڈر و چند فوجی افسران اور فاراح کونسل کے سربراہ سمیت چند اراکین بھی موجود تھے۔

افغانستان کے صوبے فاراح میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔
افغانستان کے خبررساں ادارے طلوع نیوز کے مطابق مقامی حکام نے ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کی تصدیق کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے فاراح میں ظفر ملٹری کور کے دو فوجی ہیلی کاپٹرز نے ایک ساتھ اُڑان بھری تھی جن میں سے ایک پرواز کے کچھ ہی دیر بعد تباہ ہو گیا۔
افغان فوج کے ترجمان نجیب اللہ نجیبی کا ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ظفر ملٹری کور کے ہیلی کاپٹر میں ڈپٹی کمانڈر و چند فوجی افسران اور فاراح کونسل کے سربراہ سمیت چند اراکین بھی موجود تھے۔
دوسری جانب صوبہ فاراح کے رکن اسمبلی داد اللہ قنیح کا دعویٰ ہے کہ ہیلی کاپٹر ہرات کی ایک پہاڑی چوٹی سے ٹکرا کر تباہ ہوا جسے خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کا پائلٹ دیکھ نہیں سکا تھا۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔