بین الاقوامی

پیغمبرِ اسلامﷺ کے بارے میں گستاخی آزادیٰ اظہار نہیں ہے، یورپی یونین کی عدالت برائے انسانی حقوق  

پیغمبرِ اسلام محمدﷺ کی توہین 'آزادیِ اظہار کی جائز حدوں سے تجاوز کرتی ہے،' اور 'اس کی وجہ سے تعصب کو ہوا مل سکتی ہے اور اس سے مذہبی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔'

یورپی یونین کی عدالت برائے انسانی حقوق (ای ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ پیغمبرِ اسلام محمدﷺ کی توہین ‘آزادیِ اظہار کی جائز حدوں سے تجاوز کرتی ہے،’ اور ‘اس کی وجہ سے تعصب کو ہوا مل سکتی ہے اور اس سے مذہبی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ عدالت نے جمعرات کے دن پیغمبرِ اسلام کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہنے والی آسٹریا سے تعلق رکھنے والی ای ایس نامی خاتون کے خلاف سزا کے فیصلے کی اپیل پر صادر کیا۔

عدالت نے کہا کہ ای ایس کے خلاف فیصلہ ان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

فرانس کے شہر سٹراسبرگ میں واقع ای ایچ سی آر نے فیصلہ دیا کہ آسٹریا کی عدالت نے خاتون کو سزا دیتے وقت ‘ان کی آزادیِ اظہار اور دوسروں کے مذہبی احساسات کے تحفظ کے حق کا بڑی احتیاط سے توازن برقرار رکھا ہے۔’

اس خاتون نے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور انھیں صرف ای ایس کہا جاتا ہے، 2008 اور 2009 میں ’اسلام کے بارے میں بنیادی معلومات‘ کے عنوان کے تحت مختلف تقاریر میں پیغمبرِ اسلام کے بارے میں چند کلمات ادا کیے تھے جن کی پاداش میں ان پر ویانا کی ایک عدالت میں مقدمہ چلا اور عدالت نے انھیں فروری 2011 میں مذہبی اصولوں کی تحقیر کا مجرم قرار دیتے ہوئے 480 یورو کا جرمانہ، بمع مقدمے کا خرچ، عائد کر دیا۔ اس فیصلے کو آسٹریا کی اپیل کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔

دوسری جانب پاکستان نے ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کی جانب سے گستاخانہ ٹویٹس پر سفارتی سطح پر احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں متعین ہالینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کی جانب سے گستاخانہ ٹویٹس پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ہالینڈ کے سفیر کو طلب کیا اور سفیر کو باور کرایا کہ  ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ کی مسلسل جان بوجھ کر مذموم کوششوں پر تشویش ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گیرٹ ولڈرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد شیئر کرنے پر پاکستان نے ہالینڈ سے سفارتی سطح پر شدید احتجاج کرتے ہوئے  معاملے پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا اور امت مسلمہ کے جذبات سے آگاہ کیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button