بین الاقوامی

افغانستان، سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے قندہار پولیس کے سربراہ ہلاک، گورنر کے بھی مارے جانے کی اطلاعات

بعض ذرائع کے مطابق موقع پر موجود دیگر گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا جا چکا ہے جبکہ حملہ مبینہ طور پر افغان طالبان کی جانب سے کیا گیا۔

افغانستان کے صوبے قندھار میں ایک اجلاس کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے پولیس کے سربراہ جنرل عبد الرازق اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے صوبائی سربراہ ہلاک ہو گئے جبکہ امریکی فوج کے کمانڈر بال بال بچ گئے۔

بعض ذرائع اور  ملکی و غیرملکی میڈیا کی جانب سے حملے میں گورنر قندہار سمیت کل چھ ہلاکتوں کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے تاہم حکام کے مطابق حملہ آور باڈی گارڈ کے روپ میں تھا اور اس نے سیکورٹی افسران کے میٹنگ سے باہر نکلنے کے بعد ان پر فائر کھول دیا۔

دوسری جانب نیٹو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کے کمانڈر جنرل سکاٹ ملر واقعے میں بال بال بچ گئے لیکن ان کے ساتھ موجود دو اور امریکی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

نیٹو کے ترجمان کرنل نٹ پیٹرز نے کہا کہ امریکی شہری حملہ آور کی فائرنگ کی زد میں آگئے لیکن اب انھیں وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔

بعض ذرائع کے مطابق موقع پر موجود دیگر گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا جا چکا ہے جبکہ اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف امریکی جنرل تھے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں اتوار کو ہونے والے انتخابات سے قبل تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس وقوعہ سے قبل صوبہ ہلمند میں دھماکے کے نتیجے میں انتخابی امیدوار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button