بین الاقوامی

طالبان اور افغان وفد کی سعودی عرب میں ملاقات کا انکشاف

اس حوالے سے 3 طالبان حکام نے بتایا کہ ملاقات میں افغان جیل میں زیر حراست قیدیوں کی محدود تعداد میں رہائی پر بھی بات ہوئی۔

طالبان نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں آئندہ ماہ پارلیمانی انتخابات میں سیکیورٹی امور کے پیش نظر افغان حکومتی وفد نے طالبان سے رواں ہفتے سعودی عرب میں ملاقات کی۔

اس حوالے سے 3 طالبان حکام نے بتایا کہ ملاقات میں افغان جیل میں زیر حراست قیدیوں کی محدود تعداد میں رہائی پر بھی بات ہوئی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں 20 اکتوبر کو انتخابات ہوں گے تاہم افغان طالبان کی جانب سے پولنگ اسٹیشنوں اور انتخابی مہم کے دوران حملوں کا خطرہ ہے۔ افغان حکومت اور امریکا انتخابی عمل پرامن ماحول میں کرانے کے خواہش مند ہیں۔

ایک طالبان رہنما نے بتایا کہ ’انہوں نے ہم سے الیکشن پرامن منعقد کرانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ افغان وفد نے قیدیوں کی رہائی پر آمادگی کا اظہار کیا ہے، معمولی جرائم میں ملوث بعض قیدیوں کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر کو مستقبل میں ان کی رہائی کے لیے ان کی اہمیت کی مناسبت سے تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے دفتر اور امریکی محکمہ خارجہ نے مذکورہ پیش رفت پر بیان دینے سے گریز کیا۔

طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی مذاکرات سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ طالبان، افغان حکومت کو غیر ملکی طاقتوں کا آلہ کار تصور کرتے ہوئے انہیں تسلیم نہیں کرتے۔ طالبان نے ہمیشہ امریکا کے ساتھ مذاکرات پر زور دیا ہے اور اس ضمن میں غیر سرکاری رابطے بھی ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button