ملالہ کی کینیڈین وزیراعظم سے ملاقات، لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اظہار خیال

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
جسٹن ٹروڈو نے اس ملاقات کا احوال ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ملاقات کو زبردست قرار دیا اور لکھا کہ ’ہم نے جی 7 کی صنفی مساوات مشاورتی کونسل کے حوالے سے بات چیت کی اور ہمارا عزم ہے کہ دنیا بھر کی زیادہ سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں اسکول جاسکیں’۔
Great to catch up with @Malala today in Ottawa. We talked about the important work of the G7 Gender Equality Advisory Council and our commitment to making sure more women & girls around the world get to go to school. pic.twitter.com/GU2GzdFNSc
— Justin Trudeau (@JustinTrudeau) September 7, 2018
ملالہ یوسف زئی نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے وقت دینے اور ہر بچے کی تعلیم کے لیے عہد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
https://twitter.com/Malala/status/1038225839924682753
ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔
ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔
ملالہ کو اپریل 2017 میں کینیڈا کی اعزازی شہریت دی گئی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے ملالہ کو جہالت کے اندھیروں میں تعلیم کی روشنی قرار دیتے ہوئے ان کے کینیڈین شہری بننے پر خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔