افغانستان، حقانی نیٹ ورک کے بانی جلاالدین حقانی انتقال کر گئے
اسامہ بن لادن سمیت افغان جنگ کے دوران عرب ممالک سے آنے مجاہدین سے ان کے گہرے تعلقات تھے اور طالبان دورِ حکومت میں وہ وزیر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

افغانستان پر انتہائی اثر رسوخ رکھنے والے معروف عسکری گروہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
اس بات کی تصدیق ان کے بیٹے سراج الدین حقانی جو افغان طالبان کے نائب امیر بھی ہیں کی جانب سے جاری بیان میں کی گئی
بیان میں ان کی موت کا اعلان اس طرح کیا گيا: ‘بڑے افسوس کے ساتھ ہم اپنے ایمان والے مجاہد افغانیوں اور وسیع اسلامی امت کو یہ اطلاع دیتے ہیں کہ معروف جہادی شخصیت، ممتاز عالم، مثالی جنگجو اور جہادیوں کے پیش رو، اسلامی امارات میں سرحد کے وزیر اور قائد کونسل کے رکن محترم الحاج مولانا جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انّا للہ و انّا الیہ راجعون ۔’
افغانستان کےخبر رساں ادارے طلوع نیوز کے مطابق وہ گزشتہ کئی سالوں سے علیل تھے جس کی وجہ سے وہ طویل عرصے سے منظر عام سے غائب تھے۔
خیال رہے کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے عسکری گروہ کی عملی سربراہی 2001 میں اپنے بیٹے سراج الدین حقانی کے سپرد کردی تھی۔
طالبان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جلال الدین اپنے دور کی عظیم جہادی شخصیت تھے۔
اسامہ بن لادن سمیت افغان جنگ کے دوران عرب ممالک سے آنے مجاہدین سے ان کے گہرے تعلقات تھے اور طالبان دورِ حکومت میں وہ وزیر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
تاہم ان کے انتقال کے حوالے سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کس مرض میں مبتلا تھے جبکہ اس سے قبل 2008 اور 2015 میں بھی ان کے انتقال کی افواہیں پھیلی تھیں۔