بین الاقوامی

رہا کئے گئے متعدد طالبان قیدیوں نے دوبارہ ہتھیار اٹھا لیے ہیں: عبد اللہ عبد اللہ

افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے لیے طالبان رہنماؤں کی طرف سے رکھی گئی شرط کے تحت رہا کئے گئے متعدد طالبان قیدیوں نے دوبارہ ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے خارجہ تعلقات کی امریکی کونسل کے ساتھ آن لائن کانفرنس میں کہاکہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان قیادت سے ہونے والے مذاکرات اب تک مثبت ثابت ہوئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ رہائی پانے والے پانچ ہزار طالبان قیدیوں میں سے اکثریت نے تو نہیں لیکن بعض نے پھر سے اسلحہ اٹھا کر حکومت کے خلاف لڑائی شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہامیں یہ ضرور جانتا ہوں کہ کچھ طالبان دوبارہ میدان جنگ میں آ گئے ہیں جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان دوحہ میں مثبت انداز میں مذاکرات شروع ہوئے اور دونوں فریقین کے وفود کو کسی حد تک ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک افغانستان میں تشدد کم نہیں ہوا۔

انہوں نے اپنے معاہدے کے ساتھ طالبان کے ساتھ امن عمل شروع کرنے والے امریکہ اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ہتھیار اٹھانے والے طالبان پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2008 کے بعد پہلی مرتبہ وہ آنے والے دنوں میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button