صحت

جنوبی وزیرستان میں 20 سال بعد دو بنیادی مراکز صحت مکمل فعال

ہلال احمر پاکستان برائے قبائلی اضلاع کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں 20 سال بعد دو بنیادی مراکز صحت مکمل فعال، ہلال احمر پاکستان کی طرف سے دو بنیادی مراکز صحت کو جدید ایمبولینس بھی فراہم، چیئرمین ہلال احمر پاکستان برائے قبائلی اضلاع آصف خان محسود نے بنیادی مراکز صحت کا افتتاح کر لیا۔ افتتاحی تقریب میں بریگیڈئیر سید قاسم محمود اور قبائلی مشران نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلال احمر پاکستان قبائلی اضلاع آصف محسود کا کہنا تھا کہ بنیادی مرکز صحت بلوچ کوٹ اور چگملائی کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال کیا گیا ہے جبکہ بنیادی مراکز صحت میں زچہ بچہ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ چگملائی بی ایچ یو کی نئی اور جدید عمارت بھی تعمیر ہو گی جس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ بی ایچ یوز کے علاوہ دونوں علاقوں میں واش رومز پر بھی کام ہو رہا ہے، صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر ترجیج دی جاری ہے، اس ضمن میں علاقے میں خصوصی افراد کے لیے بیت الخلاء بھی تعمیر کیے جا چکے ہیں اور انھیں وہیل چیئرز بھی دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ بچوں، خواتین اور معمر افراد میں 1 ہزار ہائیجین کٹس بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت میں طبی عملہ کے علاوہ مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بچوں کے لیے کھیل کود یا چائلڈ فرینڈلی سپیسس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

بنیادی مراکز صحت فعال کرنے پر علاقے کے مشران نے ہلال احمر پاکستان برائے قبائلی اضلاع اور خصوصی طور پر چیئرمین آصف خان محسود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بنیادی مراکز صحت فعال ہونے سے ان کو اب علاج کے لیے میلوں دور سفر نہیں کرنا پڑے گا اور ان کی خواتین کو ایک ہی چھت تلے مفت صحت سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ خواتین عملہ کی فراہمی نے ان کی خواتین کے مسائل کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button