صحت

عیدالاضحیٰ: گوشت کھائیں مگر اعتدال سے!

انیلا نایاب

گوشت کھانے میں اعتدال رکھا جائے ورنہ بلڈ پریشر، بدہضمی، یورک ایسڈ، شوگر اور قبض جیسی شکایات ہو سکتی ہیں، طبیعت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں عید کے دن ہسپتال میں گزارنا پڑ سکتے ہیں۔

گیسٹرو سپیشلسٹ پروفیسر عامر غفور نے گوشت کے زیادہ استعمال کے حوالے سے بتایا کہ عیدالاضحی میں ہر گھر میں گوشت کی کثرت کی وجہ سے استعمال بھی بڑھ جاتا ہے، لوگ دوپہر اور رات کے کھانے میں مختلف قسم کے گوشت سے بنائے ہوئے ڈشز تیار کر کے کافی شوق سے کھاتے ہیں، گوشت غذائیت سے بھرپور غذا ہے لیکن جو بھی چیز ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جائے تو نقصان دہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر سب سے ضروری بات ہے کہ کھانے اور غذا میں بدپرہیزی سے کیسے بچا جا سکے خاص طور پر جو شوگر کے مریض ہیں یا جن کو یورک ایسڈ کا مسئلہ ہے، اگر شوگر کے مریض بدپرہیزی کرتے ہیں اور ضرورت سے زیادہ گوشت کا استعمال کرتے ہیں اس سے ان کے شوگر کا لیول کافی بڑھ جاتا ہے، اس کو کنٹرول کرنے کے لیے خدانخواستہ ہسپتال کا رخ کرنا پڑے گا، بڑے اعتدال سے گوشت کا استعمال کیا جائے اور باقاعدگی سے اپنا بلڈپریشر اور شوگر چیک کیا کریں اور اگر کوئی انسولین لے رہا ہے تو اس کی ڈوز بھی ایڈجسٹ کی جائے تاکہ شوگر کنٹرول رہے۔

ڈاکٹر عامر غفور نے کہا کہ وہ مریض جن میں یورک ایسڈ زیادہ ہے یا کوئی شکایت ہے تو ان کو چاہیے کہ گوشت کا استعمال بہت کم کریں کیونکہ گوشت سے یورک ایسڈ بڑھ جاتا ہے، یورک ایسڈ کے بڑھ جانے سے پاؤں میں شدید درد رہتا ہے اور مسلسل مقدار کا بڑھ جانا گردے، دل اور جوڑوں جیسی خطرناک بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔

انہوں نے بدہضمی اور قے یا پیٹ خراب ہونے کے حوالے کہا کہ گوشت کیونکہ سخت ہوتا ہے، جلدی زود ہضم غذا نہیں ہے اس لیے کثرت سے کھانے سے معدہ کام چھوڑ دیتا ہے، غذا ٹھیک طرح سے ہضم نہیں ہو پاتا جو پیٹ خراب ہونے اور قے کا سبب بن جاتا ہے، اس طرح جن لوگوں کو قبض کی شکایت ہو تو بڑی عید پر یہ مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے یہ بھی ایک خطرناک بیماری ہے اور مسلسل اس بیماری کی صورت میں بواسیر اور آنتوں کا کینسر ہو سکتا ہے۔

کون کون سے احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، اس سوال کے جواب میں عامر غفور نے کہا کہ ایک تو گوشت کے پکوان میں اعتدال رکھا جائے لیکن عید کے دن ہوتے ہیں، پرہیز بہت مشکل ہے لیکن کچھ احتیاطی تدابیر ضرور اپنائی جائیں جیسے تازہ پھل کھائے جائیں، سلاد ہر کھانے میں ضرور شامل کریں کیونکہ اس سے غذا بہ آسانی ہضم ہو سکتی ہے۔

اس طرح تازہ جوس، لیموں کا زیادہ استعمال کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے، کھانا کھانے کے بعد ضروری چہل قدمی کی جائے، ان تمام باتوں کا خیال رکھنے سے شکایات کم ہوں گی اور اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو ماہر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button