اصلاحات میں تاخیر، ٹرائبل یوتھ موومنٹ نے احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بہت جلد ایک کانفرنس بلائی جائے گی جس میں تمام پارٹیوں کی قیادت کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

قبائلی نوجوانوں کی تنظیم ٹرائبل یوتھ مومنٹ نے قبائلی اضلاع میں عدالتوں کے فوری قیام اور موبائل و انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کیلئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں نائس کالج پشاور میں تنظیم کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں مرکزی صدر شوکت عزیز، جنرل سیکرٹری ارشاد آفریدی، سینئر نائب صدر مصباح اللدین، نائب صدر مرتضی محسود، فیمیل ونگ کی نائب صدر نائلہ الطاف اور فنانس سیکرٹری ادریس سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں فاٹا اصلاحات، اب تک ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا اصلاحات محض کاغذات تک محدود ہیں جنہیں عملی جامہ پہنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بہت جلد ایک کانفرنس بلائی جائے گی جس میں تمام پارٹیوں کی قیادت کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس کے موقع پر قبائلی اضلاع میں عدالتوں کے قیام، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بحالی اور معدنیات پر غیرقانونی قبضے سے نجات کیلئے قبائلی اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کا بھی فیصلہ کیا گیا جن کیلئے تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔