ایک یوٹرن فاٹا انضمام پر بھی لیں۔ آل فاٹا گرینڈ الائنس کا وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ
پشاور کے باغ ناران میں منعقدہ آل فاٹا گرینڈ الائنس کے جرگہ میں شریک قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا فیصلہ جلدبازی میں کیا گیا اور اس سلسلے میں کسی قبائلی کی رائے نہیں پوچھی گئی۔

خیبرپختونخوا میں ضم کیے جانے والے قبائلی اضلاع کے عمائدین نے فاٹا انضمام کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ باقی چیزوں کی طرح فاٹا انضمام کے فیصلے پر بھی یوٹرن لیں۔
پشاور کے باغ ناران میں منعقدہ آل فاٹا گرینڈ الائنس کے جرگہ میں شریک قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا فیصلہ جلدبازی میں کیا گیا اور اس سلسلے میں کسی قبائلی کی رائے نہیں پوچھی گئی۔
جرگہ میں جے یو آئی ف کے ایم این اے مفتی عبدالشکور، وفاقی وزیر ملک وارث خان اور فاٹا گرینڈ الائنس کے چیئرمین ملک خان مرجان سمیت تمام قبائلی اضلاع کے عمائدین شریک ہوئے۔
جرگہ شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ان کے مطالبات کی منظوری تکک وزیراعظم عمران خان قبائلی اضلاع کا دورہ نہ کریں، انہوں نے مطالبہ کیا فاٹا مسئلے پر ریفرنڈم کرایا جائے تاکہ معلوم ہو کہ قبائلی عوام اپنے لیے کون سا راستہ چنتے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اس امر کا اعادہ کیا کہ اپنے علاقوں میں پولیس اور پٹوار کا نظام ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ وہ انضمام کے مخالف ہیں اور نہیں چاہتے کہ یہ عمل زبردستی ان پر مسلط کیا جائے کیونکہ فاٹا انضمام سے قبائلی عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
جرگہ نے حکومت سے مطاالبہ کیا کہ فاٹا انضمام کا فیصلہ واپس لیا جائے اور بدامنی سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی بحالی کے ساتھ ساتھ قبائلی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور متاثرین کی واپسی پر توجہ دی جائے۔